وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار سے کینیڈین ہائی کمشنر کی ملاقات

76
وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار سے کینیڈین ہائی کمشنر کی ملاقات

اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ اب تک کامیاب جوان پروگرام قرضہ سکیم کے تحت 22ہزار سے زائد کاروبار کے لئے 32 ارب روپے تقسیم کر چکے ہیں، کامیاب جوان کے پروگرام ’’ہنرسب کیلئے‘‘ کے تحت ایک لاکھ سکالر شپس دیئے جا چکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی گلمور سے ملاقات کے دوران کیا ۔ملاقات کے دوران عثمان ڈار نے کامیاب نوجوان کے تمام پہلوؤں اور ان کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ نیشنل یوتھ کونسل میں یواین ایف پی اے کے تحت کینیڈین حکومت کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب تک کامیاب جوان پروگرام قرضہ سکیم کے تحت 22ہزار سے زائد کاروبار کے لئے 32 ارب روپے تقسیم کر چکے ہیں، کامیاب جوان پروگرام میں خواتین کے لئے 25فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے ، کامیاب جوان کے پروگرام "ہنرسب کیلئے” کے تحت ایک لاکھ سے زائد سکالرشپس دیئے جا چکے ہیں ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کینیڈین ہائی کمشنر نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام میں خواتین کی خاطر خوا ہ شمولیت باعث اطمینان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب نوجوان کے تحت نیشنل یوتھ کونسل کا قیام ایک خوش آئند منصوبہ ہے،کینیڈین حکومت خواتین کو بااختیار بنانےکے حوالے سے کئے جانے والے تمام پروگراموں میں دلچسپی رکھتی ہے۔