وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی پاکستان میں کویت کے سفیرسے ملاقات

54

اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطی اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے بدھ کوپاکستان میں کویت کے سفیرنصار عبدالرحمن المطائری سے ملاقات کی اور کویتی وزیر خارجہ کے دورہ کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان علماء کونسل کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ کویت پاکستان کے تعلقات دو قوموں کے برادرانہ تعلقات ہیں۔ کویتی وزیر خارجہ کی آمد سے ان تعلقات کو تمام شعبوں میں نئی جہت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا کے دوران پاکستانی ڈاکٹرز کا کویت خدمات کیلئے جانا پاکستان کویت برادرانہ تعلقات کی مضبوطی کی دلیل ہے ۔

اس موقع پر پاکستان میں کویت کے سفیرنصار عبدالرحمن المطائری نے کہا کہ پاکستان اور کویت دو بھائی ہیں، پاکستانی ڈاکٹرز کا کورونا کی وبا ء کے دوران خدمات کیلئے کویت جانا اخوت اور محبت کی عظیم مثال ہے۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کویت اور پاکستان کے درمیان ویزا کی بحالی کے حوالے سے دونوں ممالک کے ذمہ داران کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ 2011ء کے بعد پاکستان کویت کے درمیان ویزا کی بحالی موجودہ حکومت کی خارجہ پالیسی کی اہم کامیابی ہے۔