اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نیشنل ایڈولسنٹ اینڈ یوتھ پالیسی پر ممتازمذہبی اور حکومتی شخصیات نے بھرپور حمایت اور پذیرائی کی ہے۔بدھ کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے اہم سٹیک ہولڈرز اور معزز علمائے کرام نے شرکت کی ۔اس سیشن میں نیشنل ایڈولسنٹ اینڈ یوتھ پالیسی (این اے وائی پی) کے اجراء پر مشاورت کی گئی ۔
اس اہم اقدام کا مقصد پاکستان کے 10 سے 29 سال کی عمر کے نوجوانوں کو مرکزی دھارے کے تعلیمی نظام اور دینی مدارس دونوں سے متحد اور بااختیار بنانا ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے ایک نتیجہ خیز، باشعور نسل کی تعمیر کے لیے اجتماعی قومی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان چاہے وہ سکولوں میں پڑھتے ہوں یا مدارس میں ان کو قومی ترقی کے لیے ایک یکساں وژن کے تحت لانے کا ایک تاریخی موقع ہے۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل ایڈولسنٹ اینڈ یوتھ پالیسی(این اے وائی پی) شمولیت اور رسائی پر بہت زیادہ زور دیتی ہے۔ وسیع پیمانے پر شرکت کو یقینی بنانے کے لیے، پڑھے لکھے نوجوانوں کے لیے 7 صفحات پر مشتمل ایک جامع فارم تیار کیا گیا ہے، ۔ پالیسی کے مسودہ میں قومی ترجیحات اور سلامتی کے تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگی کو یقینی بنایا گیا۔ اجلاس میں ممتازمذہبی اور حکومتی شخصیات نے اس مسودہ کی بھرپور حمایت کی۔ممتازعالم دین شبیر عثمانی نے رانا مشہود کی تعلیمی اور مذہبی برادریوں کو آپس میں جوڑنے کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ علمائے کرام پیغمبر کی میراث کے محافظ ہیں اور انہیں نوجوانوں کی تعلیم اور اتحاد میں کوششوں کی قیادت کرنی چاہیے۔وفاقی وزیر برائے مذہبی امورسردار یوسف نے پالیسی کے جامع ڈیزائن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے مدارس کے طلباء قوم کے معمار ہیں۔
انہوں نے پالیسی کی تیاری کے عمل میں تمام بڑے مکاتب فکر کی شمولیت کی توثیق کی۔علامہ عارف حسین واحدی نے اس اقدام کو "شاندار” قرار دیتے ہوئے سراہا اور نوجوانوں کی مربوط ترقی کے لیے یونیورسٹی کے علماء اور مدارس کے علماء کے درمیان تعاون کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پالیسی کے پیغام کو پورے ملک میں مساجد اور مدارس کے ذریعے فعال طور پر پہنچایا جائے۔ رانا مشہود نے سیشن کے اختتام پر پہلے مرحلے میں 25 شہروں میں پالیسی پر مشاورت کی نگرانی کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے مذہبی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کو این اے وائی پی کے تحت پیش کیے جانے والے مواقع بشمول بلاسود قرضے، ہنر کی ترقی اور تعلیمی ترقی کی طرف رہنمائی کریں۔یہ دانشمندانہ پالیسی جامع قومی ترقی کی جانب ایک اہم قدم کی نشاندہی کرتی ہے، اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کے تمام طبقات -پس منظر سے قطع نظر بااختیار، مشغولیت اور قوم کو خوشحال مستقبل کی طرف لے جانے کے لیے تیار ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582852