وزیراعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور سے چین کی نجی سرمایہ کار کمپنی کے وفد کی ملاقات

160

پشاور۔ 14 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور سے چین کی نجی سرمایہ کار کمپنی کے وفد نے ملاقات کی۔

وزیراعلی ہاؤس پشاور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے خیبر پختونخوا میں معدنیات اور صنعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا۔

کمپنی اس سلسلے ایک ہفتے میں صوبائی حکومت کو قابل عمل تجاویز پیش کرے گی۔ وزیراعلی نے متعلقہ حکام کو ان تجاویز کا جائزہ لے کر مزید پیشرفت کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلی نے وفد کو لائیو اسٹاک، سولر انرجی، زراعت اور دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی پیشکش کی۔

وزیراعلی علی امین خان گنڈاپور نے اس موقع پر کہا کہ خیبر پختونخوا میں بیرونی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، ہم بیرونی سرمایہ کاری کی نہ صرف حوصلہ افزائی کریں گے بلکہ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات بھی فراہم کریں گے.

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت زراعت کی ترقی کے لئے چین کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے. وزیراعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں کے علاوہ مستحق گھرانوں کو سولر انرجی کی فراہمی کے منصوبے پر کام کر رہی ہے، صوبے میں سولر پلییٹس اور سولر بیٹری میں استعمال ہونے والے معدنیات کے وافر ذخائر موجود ہیں، صوبائی حکومت صوبے ہی میں سولر پینل اور سولر بیٹری کی صنعت قائم کرنا چاہتی ہے، اس لئے اس شعبے میں سرمایہ کاری کے بے حد مواقع موجود ہیں، ہم اس شعبے میں چینی سرمایہ کاری کی بھر پور حوصلہ افزائی کریں گے.

ملاقات کے دوران وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے صنعت کے علاوہ بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے حکام بھی موجود تھے.