
کراچی۔ 24 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بدھ کے روز بہادر آباد میں سیلانی آفس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سیلانی ہیڈ آفس میں مختلف فلاحی سہولیات کا معائنہ کیا۔ وزیراعلی سندھ نے سیلانی ہیڈ آفس میں قائم اسپتال کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے مریضوں و تیمارداروں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ وزیراعلی سندھ نے سیلانی ٹرسٹ سے آئی ٹی ٹریننگ لینے والے طلبا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ٹریننگ یافتہ طلبا اپنے کام کا بہترین استعمال کریں۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلانی ٹرسٹ کی دستر خوان سے لے کر تعلیمی شعبوں میں بہترین خدمات ہیں، تھر میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی خدمات قابل تحسین ہیں۔