کراچی۔ 02 جولائی (اے پی پی):وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے محتسب اعلی سندھ محمد سہیل راجپوت نے ملاقات کی اوراپنے ادارے کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی جس کے مطابق سال 2024 کے دوران 9151شکایات موصول ہوئیں جن میں 4602شکایات کا ازالہ کیا گیا جبکہ2348شہریوں کو براہِ راست ریلیف فراہم کیا گیاہے۔بدھ کو وزیر اعلی ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق رپورٹ کا بنیادی مقصد ادارے کی سال 2024کے دوران کارکردگی اور فعالیت کا جائزہ پیش کرنا ہے۔
ملاقات میں وزیراعلی سندھ کو صوبائی محتسب نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے عوامی شکایات کے موثر ازالے کا عزم کیا اور بتایا کہ ایل پی جی سلنڈرز کی غیر معیاری فروخت پر ازخود نوٹس لیا گیااورٹیکنالوجی کے موثر استعمال کے ذریعے موبائل ایپ، ویب سائٹ اور شکایتی نظام کا آغاز کیا گیا۔برانڈ ایمبیسڈر پروگرام کے ذریعے جامعات کے طلبہ کو ادارے سے جوڑا گیا۔ نوجوانوں کے تاثرات اور انٹرن شپ تجربات پر رپورٹ ، پنشنرز کے مسائل اور ان کے ازالہ ، سکول ایجوکیشن و لٹریسی ڈیپارٹمنٹ، پولیس، ایس بی سی اے، سیپا کا تجزیہ رپورٹ شامل ہیں۔ خصوصی بچوں کی تعلیم پر شکایات کے حل کیلئے ادارے کی کوششوں کا ذکر بھی رپورٹ کا حصہ ہے۔
اس کے علاوہ اردو، انگریزی اور سندھی میں عوامی رہنمائی کے لیے سوالات و جوابات شامل کیے گئے ہیں۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ 51 فیصد شکایات کا موثر فیصلہ کرنا ادارے کی بہتر کارکردگی ہے،یہ جامع رپورٹ نہ صرف ادارے کی کامیابیوں کا ریکارڈ ہے بلکہ لائحہ عمل کا بھی تعین کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی محتسب کا مقصد عوامی اعتماد اور انتظامی احتساب کو فروغ دینا ہے۔اس موقع پر وزیراعلی سندھ نے بالخصوص کمزور طبقات کی شکایات کے ازالے میں محتسب کی محنت کو سراہا۔