وزیراعلی مریم نواز سے امریکی ناظم الامور اور امریکی قونصل جنرل لاہور کی ملاقات

21
وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ایران پر اسرائیل کے حملے کی مذمت

لاہور۔10جون (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نوازسے امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر اور امریکی قونصل جنرل لاہور کرسٹن کے ہاکنز نے ملاقات کی۔وزیراعلی نے امریکی ناظم الامور اور قونصل جنرل کاخیر مقدم کیا۔ مریم نواز نے نٹالی بیکر کی بطور ناظم الامور پاکستان میں متحرک اور مثبت کردار کو سراہا۔ ملاقات میں پاک امریکا دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں امریکہ کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی حمایت پر نٹالی بیکر کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلی نے سسٹر سٹیٹ ہونے کے ناطے کیلیفورنیا کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے امریکی کانگریشنل پاکستان کاکس کے ساتھ ملاقات کو مثبت اور تعمیری قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے امریکا کا فعال کردار نہایت اہم ہے۔

پاکستان اور امریکا تعلقات مشترکہ اقدار اور اسٹرٹیجک مفادات پر قائم قابلِ قدر شراکت داری ہے۔ پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان ٹیکسٹائل سمیت دیگر شعبوں میں امریکا کے لیے اسٹرٹیجک پارٹنر کے طور پر ابھر رہا ہے۔ پنجاب ملک کا سب سے بڑا اور معاشی طور پر فعال صوبہ ہے امریکی سرمایہ کاری اور تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

پاکستانی نڑاد امریکی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے مضبوط پل کی مانند ہیں۔انہوںنے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، غذائی تحفظ اور پائیدار ترقی جیسے چیلنجز پر امریکا کو اہم عالمی شراکت دار سمجھتے ہیں۔ امریکا کے ساتھ اسٹرٹیجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب کو پہلے وویمن ورچوئل پولیس اسٹیشن قائم کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔