وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عیدالاضحیٰ پر صفائی آپریشن کامیاب رہا

21
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عیدالاضحیٰ پر صفائی آپریشن کامیاب رہا

خانیوال۔9جون (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عیدالاضحیٰ پر صفائی آپریشن کامیاب رہا ہے۔عید تعطیلات کے دوران ضلعی انتظامی افسران اور ارکان صوبائی اسمبلی فیلڈ میں سرگرم رہے۔ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس رانا سلیم حنیف،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خالد عباس سیال نے عید کے تیسرے روز صفائی بارے شہر کا دورہ کیا،اسسٹنٹ کمشنر سنبل جاوید،ڈسٹرکٹ مینجر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عثمان خورشید بھی ہمراہ تھے۔

صوبائی پارلیمانی سیکرٹریاور اے ڈی سی آر نے گھر گھر جاکر شہریوں سے فیڈ بیک لیا۔شہریوں نے عید الاضحی پر صفائی کے مثالی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ رانا سلیم حنیف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی پر حکومت پنجاب کا صفائی پلان کامیاب رہا ہے،وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں عید پر آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے موثر پلان تشکیل دیا گیا،ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی نگرانی میں صفائی پلان پر عملدرامد کو یقینی بنایا گیا،باالخصوص دیہی علاقوں میں صفائی کیلئے ہر یونین کونسل میں خصوصی کیمپ آفس قائم کیے گئے تھے،

آپریشن میں متعلقہ محکموں کے افسران و ملازمین نے دن رات محنت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خالد عباس سیال نے کہا کہ صفائی کے ساتھ قربانی کی جگہوں پر جراثیم کش کیلئے فرنائل کا چھڑکاؤ بھی کیا گیا ہے،ہمارے افسران اور سٹاف نے عوامی خدمت کو ممکن کر دکھایا ہے

،عوام کا مثبت ردعمل ہماری کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اسسٹنٹ کمشنر سنبل جاوید نے کہا کہ صفائی آپریشن میں ماحولیاتی کثافتوں بدبو اور بیماریوں سے بچاؤ پر بھی فوکس کیا گیا تھا۔بعد ازاں پارلیمانی سیکرٹری اور اے ڈی سی آر نے مختلف علاقوں میں شہریوں سے فیڈ بیک بھی لیا۔