وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا سینٹرل پولیس آفس کا دورہ، موبائل پولیس اسٹیشن کا افتتاح

82

کوئٹہ۔26اگست (اے پی پی)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بدھ کے روز سینٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا، صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءلانگو، صوبائی مشیر عبدالخالق ہزارہ، پارلیمانی سیکریٹری ماہ جبین شیران، مبین خلجی اور چیف سیکریٹری بلوچستان فضیل اصغر بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے موبائل پولیس اسٹیشن کا افتتاح کیا، آئی جی محسن حسن بٹ اور دیگر پولیس حکام نے وزیراعلیٰ کو موبائل پولیس اسٹیشن کے ذریعہ عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا، وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ بلوچستان پولیس کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ملک کا پہلا موبائل پولیس اسٹیشن بنایا گیا ہے جس کا مقصد عوامی شکایات کا فوری اندراج اور حل یقینی بنانا ہے جبکہ موبائل پولیس اسٹیشن میں ٹریفک لائسنس، کیریکٹر سرٹیفکیٹ سمیت پولیس سے متعلق دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی اور جلد ہی صوبے کے دیگر شہرو ں میں بھی یہ سہولت فراہم کردی جائے گی، موبائل پولیس اسٹیشن شہر کے دیگر پولیس اسٹیشنوں سے بذریعہ انٹرنیٹ منسلک ہے اور اس میں تعینات عملہ کو ضروری تربیت فراہم کی گئی ہے، وزیراعلیٰ نے موبائل پولیس اسٹیشن کے قیام کو سراہتے ہوئے اسے عوام کی سہولت کی جانب ایک اہم پیشرفت قرارد یا اور آئی جی پولیس اور دیگر پولیس افسران کو مبارکباد پیش کی، قبل ازیں سینٹرل پولیس آفس پہنچنے پر آئی جی پولیس اور دیگر حکام نے وزیراعلیٰ کا استقبال کیا اور پولیس کے چاق وچوبند دستے نے وزیراعلیٰ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر آئی جی پولیس نے وزیراعلیٰ کا تعارف پولیس آفیسران سے کرایا۔