وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کااجلاس ‘نئے سب ڈویژنوں کے قیام ‘یونین کونسلز ، میونسپل کمیٹیوں اور میونسپل کارپوریشنز کے قیام کے پلان کی اصولی منظوری

74

کوئٹہ۔6اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت میں ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں صوبے میں نئے سب ڈویژنوں کے قیام جبکہ نئے یونین کونسلز ، میونسپل کمیٹیوں اور میونسپل کارپوریشنز کے قیام کے پلان کی اصولی منظوری دے دی گئی ہے۔ اجلاس کو محکمہ ریونیو کی جانب سے نئے سب ڈویژنوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو محکمہ بلدیات کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 5 میٹروپولیٹن کارپوریشنز، 39 میونسپل کارپوریشنز اور 90 میونسپل کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

صوبائی کابینہ نے کوئٹہ میں 4 میٹروپولیٹن کارپوریشنز بھی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ نے ضلع کچھی میں نئے سیشن ڈویژن کی منظوری بھی دے دی۔ کابینہ نے بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی کے لیے اسکروٹنی کمیٹی کی تشکیل کی بھی منظوری دے دی۔ کابینہ نے کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 2003 میں ترامیم کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے بلوچستان میں کوسٹل ہائی وے پولیس کے مجوزہ پلان کی منظوری دے دی۔

کابینہ نے محکمہ اقلیتی امور کے لیے نئی منظور شدہ گرانٹ ان ایڈ پالیسی پر نظر ثانی کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے اسٹیل آئٹمز پر مجوزہ کم سے کم 77 فیصد پریمیم کے نفاذ سے متعلق ایجنڈا آئٹمز کو کابینہ ممبران کے لئے دوبارہ سے سر کولیٹ کرنے کی ہدایت کی۔ کابینہ نے بلوچستان کمیشن فار ریگولیشن آف ایریگولر ہاوسنگ اسکیمز بل پر مزید غوروخوض کے لیے کابینہ کی ذیلی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا اس کے ساتھ ساتھ بلوچستان واٹر ٹیکس ایکٹ 2021 کا مزید جائزہ لینے کے لئے بھی سب کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

جو جامع واٹر ایکٹ مرتب کرکے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی۔ کابینہ نے پینشن کیسز ڈسپوزل کمیٹی کے ہونے والے 19 جنوری 2021 اور 22 فروری 2021 کے اجلاسوں کے منٹس کی توثیق کر دی۔ کابینہ نے ہزارہ کمیونٹی کی سکیورٹی اور کنٹرول آف نارکوٹکس ایکٹ 1997 کے تحت ایڈیشنل سیشن اینڈ ڈسٹرکٹ جج مسلم باغ کو اسپیشل کورٹ کے اختیارات تفویض کرنے کے کی بھی منظوری دے دی۔

کابینہ نے محکمہ پی ایچ ای کی ذیلی سکیمات جو کہ پی ایس ڈی پی 2021-22 کے نومن کلچر میں ریفلیکٹ نہیں ہوئی کی بھی منظوری دے دی۔ کابینہ نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کی مالی سال 2021 22 کی وہ ترقیاتی اسکیمات جو دو بار رفلیکٹ ہونے، سیکٹر اور اضلاع کی درستگی کی بھی منظوری دے دی۔ کابینہ نے محکمہ آبپاشی کی دو ترقیاتی اسکیمات کے نومک لیکچر میں تبدیلی کی منظوری دے دی۔

کابینہ نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کی ڈی ڈی ڈبلیو پی اور ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے پی ایس ڈی پی پروجیکٹس کی منظوری دے دی ۔ کابینہ نے محکمہ مواصلات کی مختلف ویراییشنز کے باعث پی ایس ڈی پی اسکیمات کے کانٹریکٹس اور تخمینہ لاگت میں اضافے کی منظوری دے دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ کابینہ نے متعدد ایجنڈا آئٹمز کی منظوری دیتے ہوئے اہم فیصلے کیے ہیں۔ کابینہ اجلاس میں بلدیاتی اداروں سے متعلق فیصلے موجودہ حکومت کا تاریخی اقدام ہے۔ موثر اور فعال بلدیاتی نظام ترقی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک اور وعدے کی تکمیل کر لی ہے، نئی میٹروپولیٹن کارپوریشنز، میونسپل کارپوریشنز اور میونسپل کمیٹیوں کے قیام سے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہونگے۔