وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی 12ربیع الاول کے مبارک موقع پر مسلمانوں کو مبارکباد

108
دہشتگردی میں ملوث ایک ٹولہ بھارتی ایماء پر بلوچستان کو غیرمستحکم کرنے کے درپے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان کا گرینڈ جرگے سے خطاب

کوئٹہ۔ 16 ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یوم ولادت النبیﷺ کے موقع پر تمام مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کا دن صرف مسلمانوں کے لئے ہی نہیں بلکہ پوری کائنات اور انسانیت کے لئے عظیم دن ہے ، اس مبارک دن حضرت محمدﷺ رحمتہ اللعالمین بن کر اس دنیا میں تشریف لائے اور ان کی آمد سے دنیا سے جہالت کی تاریکی کے خاتمے کی ابتدا ہوئی، اس مبارک دن پر نبیﷺ کے اسوہ حسنہ کی مکمل پیروی، اتحاد واتفاق اور برداشت کا جذبہ پیدا کرنے کے عزم کی ضرورت ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ دن مسلمانوں کے لئے خاص اہمیت کا حامل ہے ۔ ہمیں اسوہ حسنہ کی مکمل پیروی کرتے ہوئے اپنے اندر اتحاد، عفو ودرگزر، برداشت، مذہبی رواداری جیسے اوصاف کو مزید فروغ دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حضورﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے اور حقیقی فلاحی معاشرہ کی تشکیل ممکن ہوسکتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ کو جن مشکلات ومصائب کا سامنا ہے ان سے حضور ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہی نمٹاجاسکتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالی ہمیں سیدھے رستے پر چلنے اور اپنی زندگیاں نبی کریم ﷺ کے بتائے ہوئے ضابطہ حیات کے مطابق ڈھالنے کی توفیق عطافرمائے، اور پاکستان کو صحیح معنوں میں ایک اسلامی فلاحی مملکت اور ترقی وخوشحالی کا گہوارہ بنادے۔