وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے خواتین صحافیوں سے متعلق نازیبا الفاظ کے استعمال پر قومی اسمبلی اور سینیٹ کی پریس گیلریوں سے صحافیوں کا واک آئوٹ

105

اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے گزشتہ روز پی ٹی آئی کے جلسہ کے دوران خواتین صحافیوں کے حوالے سے ریمارکس پر پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن نے پیر کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں سے واک آئوٹ کیا۔ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر عثمان خان اور سیکریٹری نوید اکبر نے نے واک آئوٹ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام صحافی کارکن خوف کی کیفیت میں مبتلا ہیں، تحریک انصاف کی قیادت خیبر پختونخوا کی وزارت اعلیٰ کے حوالے سے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے بیان سے صحافیوں کی دل آزاری ہوئی ہے، خواتین صحافیوں کے حوالے سے جو زبان استعمال کی گئی وہ ناقابل برداشت ہے، اس کی مذمت کرتے ہیں۔ علی امین گنڈا پور کو صحافیوں سے معافی مانگنی چاہئے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر گوہر اور عمر ایوب نے واک آئوٹ کرنے والے صحافیوں سے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے بیان پر غیر مشروط معذرت کی اور کہا کہ صحافی ہمارے نظام کا حصہ ہیں اور وہ واک آئوٹ ختم کر کے پریس گیلری میں واپس آئیں۔