وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی ایرانی قونصلیٹ جنرل پشاورآمد، ایرانی صدر کے انتقال پرتعزیت کی

145

پشاور۔ 23 مئی (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور فضائی حادثے میں ایرانی صدرابراہیم رئیسی اوران کے رفقاء کے انتقال پرتعزیت اورفاتحہ خوانی کے لئے ایرانی قونصلیٹ جنرل پشاور گئے ، وزیراعلیٰ نے ایرانی ڈپٹی قونصل جنرل حسین مالیکی سے ملاقات کی اورفضائی حادثے میں ایرانی صدرابراہیم رئیسی اوران کے ساتھیوں کے انتقال پرتعزیت اورفاتحہ خوانی کی اوران کےبلند درجات کے لئے دعا کی۔ اس موقع پراسپیکرصوبائی اسمبلی بابرسلیم سواتی اوردیگربھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔

وزیراعلیٰ نےاس موقع پرکہا کہ اس المناک حادثے میں ایرانی صدراوران کے رفقاء کی شہادت پردلی صدمہ ہوا، انہوں نے کہا کہ ہم ایرانی حکومت اورعوام کےغم میں برابرکے شریک ہیں، انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک کے عوام اس افسوسناک حادثے پرسوگواراورغمزدہ ہیں، ایرانی ڈپٹی قونصل جنرل حسین مالیکی نے تعزیت اوراظہارہمدردی پروزیراعلیٰ اوران کے رفقاء کا شکریہ ادا کیا۔