وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے زیر صدارت سپیشل اکنامک زون حطار کے حوالے سے اہم اجلاس

60

پشاور۔28اکتوبر(اے پی پی )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سپیشل اکنامک زون حطار کی ہنگامی بنیادوں پر ترقی کی ضرورت پر زور دیا ہے ، انہوں نے سڑکوں کی تعمیر ، صنعتوں کو درکار گیس اور بجلی کی سہولیات کی فراہمی کے لئے جاری اقدامات ٹائم لائن کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ایک ہزار ایکڑ پر محیط حطار توسیعی منصوبے کی ترقی کے لئے بھی قابل عمل ترقیاتی ماڈل اختیار کرنے جبکہ ٹیوٹا کے اداروں میں صنعتوں کی ضروریات سے ہم آہنگ کورسز متعارف کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس عمل سے نہ صرف صنعت کاروں کی افرادی قوت کے حوالے سے ضرورت بآسانی پوری ہوگی بلکہ مقامی لوگوں کو روزگار بھی میسر آئیگا۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا ، وزیر مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے صنعت عبدالکریم ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، سٹریٹیجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعید، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز چیف ایگزیکٹیو پیسکو ، جنرل منیجر ایس این جی پی ایل ، چیف ایگزیکٹیو ازمک اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔اجلاس کو 424ایکڑ پر محیط حطار سپیشل اکنامک زون اور ایک ہزار ایکڑ پر محیط حطار توسیعی منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ سپیشل اکنامک زون حطار میں مطلوبہ معیار کے مطابق انفراسٹرکچر کی ترقی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لئے ڈیزائن پر نظر ثانی کی جارہی ہے ، رواں ماہ کی 31تاریخ کو حتمی ڈیزائن رپورٹ پیش کر دی جائیگی۔