کراچی۔6نومبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گھوٹکی میں ڈاکوئوں کے حملے میں پولیس افسران و اہلکاروں کی شہادت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ۔
جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعلی سندھ نے کہا کہ یہ واقعہ کس طرح پیش آیا؟ مجھے ہر پہلو سے رپورٹ دیں ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ڈاکووں کے خلاف بھرپور آپریشن کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مجھے پولیس افسران اور اہلکاروں کے قاتل ہر صورت سلاخوں کے پیچھے چاہئیں ۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ امن و امان کے قیام میں پولیس کی قربانیاں نا قابل فراموش ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں شہید پولیس افسران اور اہلکاروں کی جرات کو سلام پیش کرتا ہوں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے شہید پولیس افسران اور اہلکاروں کے خاندانوں سے گہرے دکھ کا اظہاربھی کیا۔