لاہور۔2جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف مری سے واپسی پر فیلڈ ہسپتال دیکھ کر رک گئیں۔ انہوں نے مری کے نواح میں مغل آبادکے قریب ایکسپریس وے پر کھڑے فیلڈ ہسپتال کا اچانک معائنہ کیا اور دستیاب سہولتوں کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں تعینات ڈاکٹر اور طبی عملے سے بات چیت کی۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے ڈاکٹرا ور طبی عملے سے فیلڈ ہسپتال کی ورکنگ کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔وزیراعلیٰ مریم نوازنے فیلڈ ہسپتال میں موجود مریضوں اور ان کے اہل خانہ سے بھی بات چیت کی۔وزیراعلی مریم نوازکو مریضوں اور اہل خانہ نے طبی سہولتوں کے بارے میں بتایا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے طبی ٹیسٹ اور ادویات کی مفت فراہمی کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ شہری نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ ہسپتال شاندار اقدام ہے، ضعیف خواتین اور مریضوں کو بہت فائدہ ہو رہا ہے۔
کبھی سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ دشوارگزار راستوں سے گزر کر ہسپتال جانے کی صعوبت برداشت کیے بغیر علاج کی سہولتیں گھر کی دہلیز پر ہی ملیں گی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لئے اب فیلڈ ہسپتال خود چل کر ان کی دہلیز تک پہنچ چکا ہے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویل ہسپتال سے سوا کروڑ سے زائد مریض فیض یاب ہوچکے ہیں۔ انسانیت کی خدمت ہی مسلم لیگ (ن)کا ہمیشہ سے منشور رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویل کا دائرہ کار مزید بڑھائیں گے۔صحت کی سہولتیں عوام کا بنیادی حق ہے،عوامی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔