وزیراعلیٰ پنجا ب کی ہدایت پر پناہ گاہوں میں محافل میلا د کا انعقاد،پناہ گاہوں میں مقیم افراد کی محافل میں شرکت

86

لاہور۔31اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر عیدمیلاد النبی کے پر مسرت موقع پر پنجاب کی پناہ گاہوں میں محافل میلا د کا انعقاد کیاگیا جس میں پناہ گاہوں میں مقیم افراد نے شرکت کی۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے ٹھوکر نیاز بیگ کی پناہ گاہ کا دورہ کیا اور محفل میلاد میں شرکت کی۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پناہ گاہ میں مقیم افراد کے ساتھ بیٹھ کر نعت رسول مقبول سننے کی سعادت حاصل کی۔قاری محمد ذیشان حنیف نے تلاوت کلام پاک سے محفل میلاد کا آعاز کیا۔الحاج سرور حسین نقشبندی، نور محمد اور صوبائی وزیر پیر سید سعید الحسن شاہ نے بارگاہ رسالت میں ہدیہ عقیدت کے پھول پیش کئے۔محفل میلاد کے آخر میں ملک کی سلامتی، امن، استحکام اور قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔محفل میلاد کے بعد وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پناہ گاہ میں مقیم افراد کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا۔محفل میلاد النبی کے پرمسرت موقع پرپناہ گاہ میں مقیم افراد کے لئے روایتی چکن قورمہ، روٹیاں اور زردے کے ساتھ چکن بروسٹ بھی پیش کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کھانے کے معیار کی تعریف کی۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پناہ گاہ میں مقیم افراد کے مسائل بھی پوچھے،تونسہ سے آئے بزدار قبیلے سے تعلق رکھنے والے شخص نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو دیکھ کر خوشی کا اظہارکیا۔مقیم افراد نے وزیر اعلیٰ سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پناہ گاہ میں ہم جیسے غریب لوگو ں کے لئے بہترین سہولتیں میسر ہیں ، کھانا بھی معیار ی ملتاہے اور خیال بھی رکھا جاتا ہے، ہم آپ کی مزید کامیابیوں کیلئے دعا گو ہیں – وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ساہیوال، سرگودھا، اوکاڑہ اور دیگر شہروں سے آئے افراد سے بھی گفتگو کی اور ان کے مسائل پوچھے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ آپ کا کوئی بھی مسئلہ ہو مجھے بتائیں، ہم حل کریں گے،کمزور طبقے کا خیال رکھنا سنت نبوی ہے ، آپ کی خدمت میری ذمہ داری بھی اور فرض بھی،آپ کے لئے جو ممکن ہوا کر گزروں گا –