لاہور۔6 اپریل(اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت ہفتہ کے روز وزیراعلیٰ آفس میںاعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبہ کیلئے مجوزہ بلدیاتی نظام کے مسودے کاتفصیلی جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیا بلدیاتی نظام صوبے کے عوام کی امنگوں اورخواہشات کے عین مطابق ہوگااورحقیقی معنوں میں اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا جائے گا،بلدیاتی نمائندوں کو ذمہ داری کے ساتھ بااختیار بنائیں گے اورنیا نظام موجودہ سٹیٹس کو ختم کرے گااورعوام کوبااختیاربنائے گا۔ انہوںنے کہا کہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے حوالے سے نیا بلدیاتی نظام اہم کردارادا کرے گا اور بلدیاتی اداروںمیں چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے گا،ایسا بلدیاتی نظام لے کرآئیںگے جس سے عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوںگے اوردیہات کی سطح پربھی لوگوں کوبااختیاربنائیںگے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلدیاتی نظام عوام کا نظام ہوگا اوروہی اس میں بااختیار ہوںگے جبکہ نئے نظام میں بلدیاتی اداروں کو مالیاتی طورپر خود مختار بنائیں گے۔ سیکرٹری بلدیات نے نئے بلدیاتی نظام کے اہم خد و خال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر بلدیات و قانون راجہ بشارت، چیف سیکرٹری، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل، سیکرٹری قانون، سیکرٹری بلدیات اور سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ نے اجلاس میں شرکت کی ۔