وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وفاقی وزیر غلام سرور خان کی ملاقات، حلقے کی ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

66

لاہور۔19دسمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں وفاقی وزیر غلام سرور خان نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،حلقے کی ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔رکن پنجاب اسمبلی عمارخان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات میں پی ڈی ایم کی تخریبی سیاست کی پرزور مذمت کی گئی۔وزیراعلی عثمان بزدار نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خدمت کے سفر کے سامنے انتشار کی سیاست اپنی موت آپ مرچکی ہے۔افراتفری کی سیاست کا جواب عوام کی خدمت سے دیاہے اور دےتے رہیں گے۔منفی سیاست کو 22کروڑ عوام مسترد کرچکے ہیں۔پے درپے ناکامیوں کے بعدمخالفین کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں حقیقی ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے اور یہ سفرتیزی سے جاری و ساری رہے گا، روکنے کی کوشش کرنے والے پہلے کی طرح ناکام رہیں گے۔ماضی میں دانستہ طور پر بعض علاقوںکو نظر انداز کیا گیا۔ہماری حکومت نے یکساں ترقی کا وژن دیا۔ دیہات میں کھیت سے منڈی تک سڑکوں کی تعمیر و توسیع سے خوشحالی آئے گی۔وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہاکہ پی ڈی ایم ملک میں عدم استحکام چاہتی ہے۔عوام کی حمایت سے اپوزیشن عناصر کے افراتفری پھیلانے کے عزائم ناکام بنائیں گے۔