قصور۔27 فروری(اے پی پی )زرداری دور میں جب پنجاب حکومت کو ختم کرکے گورنر راج نافذ کیا گیا تو پتوکی میں ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر امڈ آیا جس پر مجبورًا گورنر راج ختم کرنا پڑا اور آج ایک بار پھر پتوکی کے عوام کے پاس آیا ہوں کہ وہ آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ( ن) کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں تاکہ ایک نئے جذبے اور عزم کیساتھ دوبارہ عوام کی خدمت کی جاسکے۔ ان خیالات کا اظہارپاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائمقام صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پتوکی ہلہ روڈ پر فلائی اوور کاسنگ بنیادرکھنے کے بعد پتوکی سٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کے دلوں سے محمدنوازشریف کی محبت کو نہیں نکالا جاسکتا‘ محمدنوازشریف پورے پاکستان کی شان اورہماری سیاست کی پہچان ہیں جب تک اللہ تعالیٰ چاہے گاوہ پارٹی کے قائدرہیں گے ہم نواز شریف کی قیادت میں ترقی اور خوشحالی کی منازل طے کریں گے۔