29.9 C
Islamabad
جمعہ, مئی 23, 2025
ہومقومی خبریںوزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا یونیورسٹی آف سرگودھا کا دورہ ، لیپ...

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا یونیورسٹی آف سرگودھا کا دورہ ، لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالر شپ کی تقسیم

- Advertisement -

سرگودھا ۔ 22 مئی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالر شپ تقسیم کرنے کے لئے یونیورسٹی آف سرگودھا کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نےتقریب سے خطاب کرتے ہوئے اہم اعلانات بھی کئے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے سال سے ہونہار سکالرشپ کی تعداد مزید بڑھا دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ طلباء و طالبات اس سے استفادہ کریں ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے سرکاری سکولوں میں 50 ہزار نئے کلاس رومز اور ہر سرکاری سکول میں بیت الخلا اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان کیا ۔

وزیر اعلیٰ نے6ہزار سرکاری سکولوں میں اے آئی اور کمپیوٹر لیب فراہم کرنے اور تمام سرکاری سکولوں میں چیئر، ڈیسک اور دیگر فرنیچر کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے طلبہ کی الیکٹر ک بائیکس کے لئے چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے کا بھی کہا۔ اُنہوں نے کہا کہ میں سرکاری سکولوں کے طلبہ کو پرائیویٹ سکولوں کے برابر یا اُن سے بھی برتر دیکھنا چاہتی ہوں،پنجاب کے ہر بچے اور بچی کوآگے بڑھتا دیکھنا میری خواہش ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ طلبہ کو تعلیم مکمل کرنے کے بعد حکومت "خود روزگار سکیم” کے تحت وسائل مہیا کرئے گی،آسان کاروبار سکیم کے تحت کاروبار کے لئے اب تک ایک لاکھ 10ہزار سے زائد افراد کو 61 ارب روپے کے قرضے دیئے جا چکے ہیں، آسان کاروبار سکیم کے تحت پنجاب میں تقریباً 55 ہزار نئے بزنس شروع ہوچکے ہیں۔

- Advertisement -

مریم نوازنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی پارلیمانی پارٹی میں پراجیکٹس کی سمری بتانے میں اڑھائی گھنٹے لگے ہیں، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی محنت ہر طرف نظر آتی ہے ،میں انہیں ،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اور پوری ٹیم کو شاباش دیتی ہوں۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کا کوئی بچہ وسائل کی کمی کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہیں رہے گا، سرکاری سکولوں کے بچوں کو اب زمین پر نہیں بیٹھنا پڑے گا۔ مریم نوازشریف نے مزید کہا کہ پنجاب میں وسائل کی کمی نہیں، عوام کے لئے آٹا، روٹی اور سبزی وغیرہ سستی کرنے کے لئے محنت کرنا پڑتی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ میں ہر تقریب میں کہتی ہوں آپ کے والدین کی محنت کی کمائی ہے کسی کا آلہ کار بنکراُسے ضائع مت کریں ،بچوں سے کہتی ہوں کہ دھرتی ماں کے خلاف کبھی قدم مت اُٹھانا اورفتنہ فساد کا ایندھن بننے سے محفوظ رہنا، ملک کا نقصان اوردھرتی ماں کو شرمندہ نہ ہونے دینا، فتنہ فساد والوں کے بہکاوے میں آنے والے آج جیلوں میں پڑے ہیں، اُن کے والدین کا سوچ کر پریشانی ہوتی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ شخصیات سے اختلاف ہوسکتا ہے مگر ملک و قوم سے نہیں، سیاسی جہدوجد میں ہم نے بھی اختلاف کیا مگر ملک کے خلاف نہیں گئے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے فیک نیوز کے حوالے سے کہا کہ فیک نیوز دوسروں کی پگڑیاں اُچھالنا مہذب لوگوں کا وطیرہ نہیں، پہلےخبر کی تصدیق کریں پھر آگے پھیلائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم طلبہ کے ہاتھ میں بندوق نہیں بلکہ قلم اور لیپ ٹاپ دیکھنا چاہتے ہیں، ہم پاکستان کے ساتھ ہیں ۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا کہ میں اگلے چار سالوں میں طلبہ کا مستقبل روشن کرنے کے لیے جہاں تک ہو سکا اقدامات کروں گی، یہ میرا آپ سے وعدہ ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے طلبہ سے کہا کہ تعلیم ہی بہتر مساوات قائم کرتی ہے، برابری کی سطح پر سر اُٹھا کر جیئیں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نےطلبہ کے ساتھ تصویریں بھی بنوائیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600125

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں