وزیراعلیٰ پنجاب کا صاف ستھرا پنجاب پراجیکٹ، راولپنڈی میں صفائی مہم شروع

421
Chief Minister Maryam Nawaz
Chief Minister Maryam Nawaz

راولپنڈی۔29فروری (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کے صاف ستھرا پنجاب پراجیکٹ کے تحت صوبے کو کچرے سے پاک کرنے کے احکامات کی روشنی میں چیف ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدرنے آپریشن سٹاف کو راولپنڈی اور اس کی تمام تحصیلوں اور مری میں بھرپور صفائی آپریشن اورآگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں جس پر عملدرآمد بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

جمعرات کو سی ای او آر ڈبلیو ایم سی رانا ساجد صفدر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات کے مطابق صفائی مہم میں راولپنڈی کو زیرو ویسٹ کرنے کا پلان حقیقی بنیادوں پر عمل میں لایا جائے،شہر میں کہیں بھی کوڑا کرکٹ،کچرے کا نام ونشان تک نہیں ہونا چاہیئے، صفائی مہم میں شہر کو مکمل طور پر صاف کیا جائے، اوپن پلاٹوں اور قبرستانوں کو صاف کیا جائے کہیں بھی پانی کھڑا نہیں ہونا چاہیے،کوڑا کر کٹ جلانے پر بھی سخت کارروائی کی جائے، صفائی مہم میں لوگوں کوآگاہی دینے کے لیے بھی موثر آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ لوگ بھی اس صفائی مہم میں شریک ہو کر راولپنڈی کو کلین گرین سٹی بنانے میں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا ساتھ دیں۔

رانا ساجد صفدرنے کہا کہ صفائی مہم میں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ورکرز شہر کو زیرو ویسٹ کرنے کا ٹارگٹ پورا کرنے کیلئے بھرپور صفائی کریں گے،گلیوں،محلوں سڑکوں کو مینوئل اور مکینیکل سوئیپنگ اور واشنگ کے ذریعے صاف کیا جائیگا،اوپن پلاٹوں،قبرستانوں میں جھاڑیاں،جڑی بوٹیاں تلف کر دی جائینگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے احکامات کی روشنی میں یہ صفائی مہم ہمارے لئے ایک چیلنج ہے اور ہمیشہ کی طرح ہم ایک مشکل ٹاسک کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ آپریشن سٹاف کو ہدایات جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق صفائی و آگاہی مہم میں راولپنڈی کو زیرو ویسٹ سٹی بنانے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر دیں، راولپنڈی کوصحیح معنوں میں کلین اینڈ گرین راولپنڈی میں بدلنا ہمارا عزم ہے،

ہمارے ورکرز نے پہلے بھی ہر قسم کی صورتحال میں شہر کی صفائی کو یقینی بنا کر ثابت کیا ہے کہ ان کیلئے شہر کی صفائی سب سے اہم ہے،وہ اپنی کئی چھٹیاں شہر کی صفائی کیلئے قربان کر چکے ہیں،ہم اس بار بھی پر امید ہیں کہ ہمارے فرنٹ لائن سولجرز صفائی ورکرز ہمارا سر فخر سے بلند کرینگے اور ہم پورے صوبے میں اس صفائی مہم کے ذریعے ثابت کرینگے کہ راولپنڈی پنجاب کا صاف و سرسبز اور کچرے سے پاک شہر ہے،

صفائی کے حوالے سے آگاہی مہم میں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کمیونیکیشن اینڈ سوشل موبلائزیشن ٹیم کے ارکان ڈورٹوڈور،مارکیٹ،مساجد،تعلیمی اداروں میں جا کر صفائی کی اہمیت و افادیت سے شہریوں کو آگاہ کریں گے،آگاہی سیشن،سیمینار اور واک کا اہتمام بھی کیا جائیگا،معلوماتی پمفلٹس کی ایک بڑی تعداد شہریوں میں تقسیم کی جائیگی،شہر ی بھی اس صفائی مہم میں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ٹول فری ہیلپ لائن نمبر 1139،موبائل فون اینڈرائیڈ ایپ کلین راولپنڈی،سوشل میڈیا اکائونٹس پر صفائی نہ ہونے سے متعلق آگاہ کریں تاکہ ہم بروقت اس شکایت کا ازالہ یقینی بنا سکیں۔