وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کا انسانی حقوق کونسل کے اجلاس سے خطاب

75

جنیوا ۔ 11 ستمبر (اے پی پی) وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جبرواستبداد اورغیرآئینی وغیرقانونی اقدامات نے بھارت کا اصل کردار بے نقاب کرکے رکھ دیا ہے جو خود کو جمہوریت، وفاقیت اور سکیولرازم کا گڑھ بتانے کا ڈھونگ رچاتا ہے، مقبوضہ جموں وکشمیر میں ظلم وزیادتیوں کو چھپانے کی کوشش میں انتہائی بے شرمی اور ڈھٹائی سے بھارت ”دہشت گردی” اور ”سرحد پار دہشت گردی” کا جھوٹا لیبل استعمال کررہا ہے، سلامتی کونسل جموں وکشمیر کے تنازعہ سے جڑے امن وسلامتی کے پہلووں سے آگاہ ہے، انسانی حقوق کونسل کو ایک بڑا کردار ادا کرنا پڑے گا اور اسے بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے عوام کے انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے ٹھوس اقدام اٹھانا ہونگے، تاریخ ناکام، بربریت پر مبنی مہمات، حقائق کو تبدیل کرنے کے لئے آبادی کے تناسب کی جنگوں سے بھری پڑی ہے، بھارت کو بھی اپنی کوشش میں منہ کی کھانی پڑے گی اور یہ کوشش ناکام ہوگی۔ بھارتی قابض افواج کو بے گناہوں کشمیریوںکا مزید خون بہانے سے روکنے کیلئے اقوام متحدہ ، عالمی برادری اورانسانی حقوق کی کونسل کواپنا کرداراداکرنا ہوگا، سات دہائیوں سے بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کے منتظر ہیں۔