وزیرخزانہ حماداظہرکی ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کورمضان المبارک کے دوران سٹوروں پراشیاکی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

52

اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ،محصولات وصنعت وپیداوارمحمدحماداظہرنے ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورزکو رمضان المبارک کے دوران ملک بھرمیں سٹوروں پراشیاکی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ مہنگائی پرقابوپاناحکومت کی اولین ترجیح ہے اورشہریوں کوبنیادی ضرورت کی اشیاکی مناسب نرخوں پرفراہمی کیلئے مربوط اورمضبوظ کوششیں کرنا ہوگی۔ انہوں نے یہ بات نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہویء کہی ہے جوپیرکویہاں منعقد ہوا۔

اجلاس میں گزشتہ ہفتہ کے دوران روزمرہ استعمال کی ضروری اشیا بالخصوص آٹا، چینی، بناسپتی گھی، مرغی اور انڈوں کی قیمت کا جائزہ لیاگیا، سیکرٹری خزانہ نے اجلاس کے شرکا کومہنگائی کی صورتحال کے حوالہ سے بریفنگ دی اوربتایا کہ گزشتہ ہفتہ میں مہنگائی کی شرح میں 0.43 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے، ہفتہ کے دوران 12 اشیاکی قیمتوں میں کمی جبکہ 24کی قیمتوں میں استحکام رہا۔سیکرٹری وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق نے اجلاس کے شرکاکوبتایا کہ ملک بھرمیں گندم کے وافرذخائرموجودہیں، اجلاس میں صوبوں میں گندم کی یومیہ ریلیز کی صورتحال کابھی جائزہ لیاگیا، وزیرخزانہ نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کوآٹے کی نرخوں کی نگرانی کیلئے مناسب اقدامات کی ہدایت کی۔

انہوں نے صوبوں کوگندم اورآٹے کی سہل اندازمیں معقول نرخوں پرفراہمی کیلئے اقدامات کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں صوبوں کی جانب سے گندم کی خریداری کیلئے منصوبے پیش کئے گئے۔ وزیرخزانہ نے اس ضمن میں صوبوں کے منصوبوں کاجائزہ لیا اورسختی سے ہدایت کی کہ صوبے وفاق کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے خریداری کاعمل بروقت اورسہل اندازمیں مکمل کرنے کویقینی بنائے۔

انہوں نے اس سلسلے میں صوبوں کی جانب سے کئے جانیوالے انتظامات اوراقدامات پراطمینان کااظہارکیا۔حکومت پنجاب کی جانب سے ورمضان المبارک میں شہریوں کورعایتی نرخوں پراشیائے ضروریہ کی فراہمی کیلئے رمضان/ سہولت بازاروں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیرخزانہ نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں رمضان سہولت بازاروں میں رمضان المبارک کے دوران ملک بھرمیں شہریوں کوبنیادی ضرورت کی اشیا سستے داموں فراہم کرنے کویقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ عام لوگوں کوزیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جاسکے۔

یوٹیلیٹی سٹورزکارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹرنے کمیٹی کوبتایا کہ رمضان ریلیف پیکج کے تحت ملک بھرمیں یوٹیلیٹی کارپوریشن کے سٹورز اورآوٹ لیٹس پرشہریوں کوبنیادی ضرورت کی اشیا کی سستے داموں فراہمی کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔وزیرخزانہ نے ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورزکوہدایت کی رمضان المبارک کے دوران ملک بھرمیں سٹوروں پراشیاکی بلاتعطل فراہمی کویقینی بنایا جائے۔وزیرخزانہ نے صوبائی چیف سیکرٹریز سے متعلقہ صوبوں میں ریٹیل کی سطح پرچینی کی قیمت کے بارے میں معلومات حاصل کی۔

انہوں نے چیف سیکرٹریز کو چینی کی قیمتوں کی سختی سے نگرانی کرنے کی ہدایت کی تاکہ ملک بھرمیں چینی کی وافرمقدارمیں فراہمی اورقیمتوں میں تفاوت کوختم کیا جاسکے۔ ایڈیشنل سیکرٹری صنعت وپیداوارنے اجلاس کوبتایا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں معمولی کمی ہوئی ہے جس کی وجہ سے پاکستان میں چینی کی قیمتوں میں ابھارپرقابوپانے میں مددملیگی۔وزیرخزانہ نے کہاکہ مہنگائی پرقابوپاناحکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہاکہ شہریوں کوبنیادی ضرورت کی اشیاکی مناسب نرخوں پرفراہمی کیلئے مربوط اورمضبوظ کوششیں کرنا ہوگی۔ اجلاس میں وفاقی وزیرقومی غذائی تحفظ وتحقیق سید فخرامام، معاون خصوصی برائے محصولات ڈاکٹروقارمسعود، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق، ایڈیشنل سیکرٹری صنعت وپیداوار، صوبائی حکومتوں کے نمایندوں، ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان، ممبرمسابقتی کمیشن، ایم ڈی پاسکو اوروزارت خزانہ کے سینئیرافسران نے شرکت کی۔