وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کا کراچی میں مبینہ طور پر 3 لاپتہ افراد کی لاشیں ملنے کے معاملہ پر اظہارِ افسوس ، واقعہ کی آزادانہ تحقیقات کرانے کا فیصلہ

129

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نےکراچی میں مبینہ طور پر 3 لاپتہ افراد کی لاشیں ملنے کے معاملہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی آزادانہ تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔

بدھ کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے ایم کیو ایم رہنماؤں وفاقی وزیر امین الحق اور خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی ۔کراچی واقعہ پر وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے اظہار افسوس کیا ہے اور واقعہ کی آزادانہ تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کراچی واقعہ کی شدید مذمت کی۔انہوں نےجاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔

وزیر داخلہ نے واقعہ میں ملوث ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کی لاشیں ملنے کے واقعہ کی مذمت کرتا ہوں، سندھ حکومت سے مل کر واقعہ کی تحقیقات کرائیں گے۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے اور ان کیخلاف سخت ایکشن لیں گے ۔