وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کا اعلی سطحی اجلاس سے خطاب

150

لاہور۔20 مئی (اے پی پی ) وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد ہمارے خطے میں ریلوے پر انویسٹمنٹ اور ویلیو ایڈیشن نہیں ہوئی مگر اب ہم ایک صدی پرانی ریلوے کے ساتھ گزارا نہیں کر سکتے، پاکستان ریلوے کو بحال ہی نہیں کیا جارہا بلکہ اسے ایک شاندار ریلوے اور ایک باوقار ادارہ بنا ےا جا رہا ہے، سی پیک کے تحت ایک ہزار ارب روپے کی سرمایہ کاری ہو یا ریلوے کی آمدنی میں دوگنا سے بھی زیادہ اضافہ ہو ان تمام کوششوں کے نتیجے میں جدید ریلوے کے خواب کے شرمندہ تعبیر ہونے کا وقت آ گیا ہے۔ ریلوے ہیڈکوارٹرز میں راولپنڈی اور کوہاٹ کے درمیان ریل کار چلانے پر پیش رفت کے حوالے سے اعلیِ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلویز نے کہا کہ سندھ میں بھی میر پور خاص سے حیدر آبادتک ریل کی سروس میں بڑی تبدیلی لائی جا رہی ہے اور اسے کراچی تک بڑھایا جا رہا ہے جبکہ سبی ہرنائی سیکشن پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔