اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف آج (منگل کو)ایک روزہ دورے پر سکھر اور حیدر آباد جائیں گے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم سکھر اور حیدر آباد میں 306 کلومیٹر طویل سکھر-حیدر آباد موٹروےایم ۔6 کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔
سکھر-حیدر آباد موٹروے پشاور کراچی موٹروے( پی کے ایم ) کا آخری حصہ ہے جس کے بعد پاکستان کے تمام بڑے اور اہم شہر موٹرویز سے منسلک ہوجائیں گے۔ مذکورہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 30 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیاجائے گا۔وزیرِ اعظم پہلے سکھر اور پھر حیدر آباد میں تقاریب میں شرکت اور خطاب کریں گے۔