وزیراعظم شہباز شریف اورآذربائیجان کے صدر سے ملاقات،مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کا عزم

279

سمر قند۔16ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور آذربائیجان نے دونوں ملکوں کےدرمیان سیاسی، اقتصادی، توانائی، دفاع، تعلیم اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کا عزم کیاہے۔وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نے جمعہ کو سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے اجلاس کے موقع پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نےاس موقع پر پاکستان کے ساتھ تعاون اور یکجہتی کے ساتھ ساتھ سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے دل کھول کر مالی امداد کی فراہمی پر آذربائیجان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش یہ قدرتی آفت ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہے ، اس عالمی خطرے سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی برادری فوری اقدامات اٹھائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مثالی تعلقات ہیں جو مشترکہ تاریخ، عقیدے اور ثقافت سے جڑے ہیں۔ وزیراعظم نے نگورنو کاراباخ پر پاکستان کی طرف سے آذربائیجان کی اصولی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اس کے مقبوضہ علاقوں کو آزاد کرانے میں تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے آرمینیا کے بلااشتعال حملے میں71 آذری فوجیوں کی حالیہ شہادت پر بھی تعزیت کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے بین الاقوامی قانون کے مطابق اور اس کی علاقائی سالمیت کے تحفظ میں آذربائیجان کے اپنے دفاع کے حق کی حمایت کا اعادہ کیا۔

اپنے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی، توانائی، دفاع، تعلیم اور عوام سے عوام کی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کا عزم کیا۔

وزیر اعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صلاحیت کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے آذربائیجان کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔صدر الہام علیوف نے وزیراعظم کو جلد آذربائیجان کے دورے کی دعوت بھی دی۔