وزیرِ اعظم شہباز شریف کا بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، متاثرہ گائوں میں فوری طور پر میڈیکل کیمپ کے قیام اور ادویات کی فراہمی کی ہدایات

340

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا ، نقصانات کا فضائی جائزہ لیا اور متاثرہ گائوں میں فوری طور پر میڈیکل کیمپ کے قیام اور ادویات کی فراہمی کی ہدایات جاری کیں۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف سیلاب سے متاثرہ شمبانی ضلع جھل مگسی میں سیلاب کے متاثرین سے ملنے کیلئے رکے۔ وزیرِ اعظم نے متاثرہ گائوں میں فوری طور پر میڈیکل کیمپ کے قیام اور ادویات کی فراہمی کی ہدایات جاری کیں۔

وزیرِ اعظم نے مویشیوں کیلئے ویٹرنری ڈاکٹر کی فراہمی کی بھی ہدایات جاری کیں۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے متاثرہ گائوں میں امدادی کاروائیوں کو تیز کرنے کیلئے فوری طور پر مزید دو کشتیوں اور راشن کی فراہمی کی ہدایات جاری کیں۔

وزیر اعظم کی ہدایات پر چیف سیکٹری بلوچستان نے فوری طور پر متاثرہ گائوں اور دیگر سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کاروائیوں کیلئے ٹیموں کو بھی روانہ کر دیا ہے۔