وزیرِ اعظم عمران خان سے پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کی ملاقات

118

اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):حکومت کی اتحادی جماعتوں نے ملک کی بہتری کے لئے وزیرِ اعظم عمران خان کے وژن کی مکمل حمایت کا عزم ظاہر کرتے ہوئے سینٹ میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے حوالہ سے وزیراعظم کے فیصلہ کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق بدھ کو وزیرِ اعظم عمران خان سے پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال، رکن قومی اسمبلی خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ ، وزیر دفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیرِ تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات شبلی فراز اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر موجود بھی تھے۔

ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور اتحادی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکومتی اتحادی جماعتوں کے رہنمائوں نے وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور ایوان بالا میں چئیرمین اور ڈپٹی چئیرمین کے حوالے سے وزیرِاعظم کے فیصلے کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے ملک کی بہتری کے لئے وزیرِ اعظم عمران خان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے مکمل حمایت کے عزم کا اظہار کیا۔