اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان تاجکستان کے 2 روزہ سرکاری دورے پر دوشنبے روانہ ہوگئے۔ وزیراعظم آفس کےمیڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم تاجکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف سے دوطرفہ ملاقات کیلئے صدارتی محل کا دورہ بھی کریں گے۔ وزیرِ اعظم پاکستان اور تاجکستان کے مابین کاروباری شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ بزنس فورم سے خطاب بھی کریں گے۔
وزیر اعظم دوشنبے میں ایس سی اوکے20 ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے موقع پر اجلاس میں شریک رہنمائوں کے ساتھ ملاقات بھی کریں گے۔ دورے کے دوران وزیرِ اعظم ایران، قزاقستان، بیلاروس اور ازبکستان کے صدور سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
ایس سی او سربراہ اجلاس میں شرکت کے بعد وزیر اعظم عمران خان تاجک صدر کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وزارتی وفد بھی ہوگا۔