وزیر اعظم عمران خان نے وفد کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کی اور بیت اللہ میں نوافل ادا کیے

186

 

مکہ مکرمہ۔9مئی (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے اتوار کو وفد کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کی اور بیت اللہ میں نوافل ادا کیے۔وزیر اعظم کے لئے خانہ کعبہ کے دروازے خصوصی طور پرکھولے گئے جہاں انہوں نے نوافل ادا کرنے کے علاوہ امت مسلمہ کے ساتھ ساتھ ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔

اس سے قبل ہفتہ کے روز مسجد نبوی میں رہتے ہوئے وزیر اعظم کو خصوصی طورپر روضہ رسول کی زیارت کاشرف حاصل ہوا جسے الحجرت النبویات الشریفہ بھی کہا جاتا ہے۔ وزیراعظم نے روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پرہدیہ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے وفد کے ہمراہ یہاں روزہ افطار کیا ، نماز مغرب ادا کی، نوافل پڑھے اور مسجد نبوی (ص) میں نماز ادا کی۔وزیر اعظم کے وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد ، گورنر سندھ عمران اسماعیل ، خیبر پختونخوا کے گورنر شاہ فرمان ، سینیٹر فیصل جاوید اور وزیر پنجاب پنجاب عبدالعلیم خان شامل ہیں۔

وزیر اعظم جو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر ہیں ، امام کعبہ سے بھی ملاقات کریں گے۔مسلم ورلڈ لیگ کے سربراہان اور اسلامی تعاون تنظیم کے سکریٹری جنرل سے ملاقاتیں بھی ان کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔بعدازاں ، وزیر اعظم ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے متعلق ایک پروگرام میں جدہ میں پاکستانی کمیونٹی کے ممبروں سے خطاب کریں گے۔ سینیٹر فیصل جاوید جو اس دورے میں وزیر اعظم کے ساتھ ہیں،نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ سعودی عرب روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں سب سے31 فیصد کے ساتھ سب سے زیادہ حصہ کا حامل ہے جہاں 19 کروڑ 65 لاکھ ڈالر اس کا حصہ ہے۔