وزیرِ اعظم عمران خان نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں صوفی ازم، سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے ابولحسن الشاذلی ریسرچ سینٹر کا افتتاح کر دیا

109

لاہور۔23دسمبر (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں صوفی ازم، سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے ابولحسن الشاذلی ریسرچ سینٹر کا افتتاح کر دیا،اس موقع پرگورنر پنجاب چوہدری محمد سرور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار’وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، معاون خصوصی وزیر اعظم ڈاکٹرشہباز گل،عثمان ڈار،ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور ،وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر اصغر زیدی بھی موجود تھے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوفیا،اولیا اکرام اور عاشقان رسول ﷺکی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ،نوجوانوں کو بہتر زندگی گزارنے کیلئے ان کے نقش قدم پر چلنا ہوگا، ابولحسن الشاذلی ریسرچ سینٹر نوجوانوں کی زندگیوں میں انقلاب برپا کرے گا۔

وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر اصغر زیدی نے وزیر اعظم کو ریسرچ سنٹر بارے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ14 کروڑ کی لاگت سے تعمیر ہونے والے سینٹر میں صوفی ازم کی روشنی میں عملی زندگی کو بہتر طریقے سے گزارنے پر تحقیق کی جائے گی۔ادارے کے مقاصد میں معاشرے کی اصلاح، باہمی برداشت، تنوع کا احترام، صوفی ازم ،سائنس اور ٹیکنالوجی میں تحقیق کو ترویج دینا، مقامی و بین الاقوامی محققین کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا اور طلباو طالبات کو اس شعبے میں تحقیق کیلئے تعلیمی وظائف فراہم کرنا ہے۔

اسکے علاوہ سینٹر موجودہ شعبوں جیسا کہ تاریخ، اسلامی تعلیمات، پولیٹیکل سائنس، ادب وغیرہ میں صوفی ازم کے حوالے سے تحقیق و تدریس کو بھی فروغ دیگا۔سینٹر میں سوفی ازم پر بی ایس اور ایم فل کی سطح کے کورسز کی تعلیم دی جا رہی ہے۔ اسکے علاوہ سینٹر پوسٹ ڈاکٹرل اور ریسرچ فیلوشپس بھی د ے گا مزید یہ کہ سینٹر پی ایچ ڈی کیلئے وظائف بھی فراہم کرے گا جن کی بدولت صوفی ازم کے شعبے پر تحقیق ہوگی۔