وزیرِ اعظم عمران خان کا وفاقی دارالحکومت کے متعلقہ ایشوز کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس سے خطاب

165
APP99-12 ISLAMABAD: November 12 – Prime Minister Imran Khan meeting on Affairs of Islamabad Capital Territory at PM Office. APP

اسلام آباد ۔ 12 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں لینڈ مافیا بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا، غریبوں کی زمینوں پر ناجائز قبضے کرنے والوں اور لینڈ مافیا کے خلاف آپریشن عوام اور میڈیا کو ساتھ لے کر آگے بڑھایا جائے جبکہ وزیراعظم نے اسلام آباد میں لینڈ مافیا، ڈرگ ڈیلرز اور خصوصا ً تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے خلاف جاری مہم کو مزید منظم کرنے اور اسے موثر بنانے کے لئے کوآڈینیشن کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِصدرات وفاقی دارالحکومت کے متعلقہ ایشوز کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس پیر کو منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی، وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان، ایم این اے راجہ خرم نواز، سیکرٹری داخلہ میجر (ر) اعظم سلیمان، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی پولیس و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔ سیکرٹری داخلہ نے وزیرِ اعظم عمران خان کو وفاقی دارالحکومت کی مجموعی صورتحال، امن و امان، قبضہ مافیا کے خلاف جاری آپریشن و دیگر امور پر تفصیلی بریفننگ دی۔