وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے سیاسی رہنماؤں کی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں

115

اسلام آباد۔24فروری (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے مختلف سیاسی رہنماؤں نے علیحدہ علیحدہ لاقات کی ۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم سے رکنِ قومی اسمبلی چوہدری احسان الحق باجوہ، سابق ارکانِ صوبائی اسمبلی صوفی اکرم اور زاہد اکرم نے ملاقات کی۔

ملاقات میں متعلقہ حلقے کے مسائل اور سیاسی صورتحال پر گفتگو کی۔ وزیرِ اعظم سے پاکستان مسلم لیگ( ن )بلوچستان کے صدر جعفر خان مندوخیل اورسابق وزیرِ اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نےبھی علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔

جعفر خان مندوخیل نے ملاقات میں صوبہ بلوچستان میں وزیرِ اعظم کی ہدایت پر شروع کئے گئے ترقیاتی کاموں پر پیش رفت اور اس کے حوالے مثبت عوامی ردعمل پر گفتگو کی جبکہ سابق وزیرِ اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے ملاقات میں گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال پر وزیر اعظم سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔