لاہور۔15جولائی (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سےاولڈ راوین ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران نے ہفتہ کو یہاں ملاقات کی۔ملاقات میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سے فارغ التحصیل وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کی بلا شبہ ملکی تعلیمی میدان میں گراں قدر خدمات ہیں،گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اس ملک کی نمایاں درسگاہ ہے جس نے بہت نامور سپوت پیدا کیے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ گورنمنٹ کالج سےفارغ التحصیل طالب علم مختلف شعبہ ہاے زندگی میں تعمیری کام سر انجام دے رہے ہیں۔شرکاء نے کہا کہ ہمارے لئے باعث فخر ہے کہ اس ملک کے وزیرِ اعظم خود گورنمنٹ کالج سے تعلیم یافتہ ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں اپنے زمانہ طالب علمی اور اساتذہ کرام کو خوشگوار الفاظ میں یاد کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اولڈ راوین ایسوسی ایشن کی تعلیمی ترقی اور دیگر فلاحی منصوبوں میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر اولڈ راوین ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو یادگاری شیلڈ اور تصویر بھی پیش کی۔