وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف منگل کو نیویارک میں مصروف دن گزاریں گے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے استقبالیے میں شرکت کریں گے

182
Prime Minister
Prime Minister

نیو یارک۔24ستمبر (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف آج(منگل کو) نیویارک میں مصروف دن گزاریں گے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیاو نگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم اپنے پانچ روزہ سرکاری دورے پر وفد کے ہمراہ نیویارک پہنچ گئے ہیں۔ وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیرِ اعظم کے ہمراہ وفد میں شامل ہیں۔

وزیرِ اعظم سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کی جانب سے رکن ممالک کے سربراہان کیلئے دیئے گئے استقبالیے میں شرکت کریں گے جہاں وزیرِ اعظم کی مختلف ممالک کے سربراہاں کے ساتھ غیر رسمی ملاقات ہوگی۔وزیرِ اعظم اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس 2024 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ وزیرِ اعظم کی مالدیپ کے صدر محمد معیزو سے ملاقات ہوگی جس میں دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے گفتگو ہوگی۔