وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا ملک میں گندم کی 2 کروڑ 75 لاکھ میٹرک ٹن ریکارڈ پیداوار پر اظہارِ تشکر

337
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا ملک میں گندم کی 2 کروڑ 75 لاکھ میٹرک ٹن ریکارڈ پیداوار پر اظہارِ تشکر

لاہور ۔30اپریل (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں گندم کی 2 کروڑ 75 لاکھ میٹرک ٹن ریکارڈ پیداوار پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدا کے فضل و کرم سے ملک میں اس سال گندم کی گزشتہ دس سالوں کی نسبت سب سے ذیادہ پیداوار ہوئی ہے،تمام صوبائی اور وفاقی ادارے گندم خریداری کا اپنا ہدف بڑھائیں تاکہ پورا سال گندم کی بلاتعطل فراہمی ممکن ہو،ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنائی جائے۔وزیرِ اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اتوار کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سرکاری سطح پر گندم کی خریداری پر جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کی کسانوں کو معیاری بیج، کھاد کی بلاتعطل فراہمی، کسان پیکیج اور بروقت فیصلوں کی بدولت گندم کی شاندار پیداوار کا حصول ممکن ہوا،گزشتہ سال بارشوں اور سیلاب کے باوجود گندم کی بمپر کراپ حکومت کے بروقت فیصلوں اور بہترین گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ تمام تر مالی مشکلات کے باوجود گندم کی بمپر پیداوار پر کاشت کار اور پوری قوم مبارک باد کی مستحق ہے۔آئندہ سال حکومت اس سے بھی زیادہ پیداوار کیلئے حکمتِ عملی مرتب کر رہی ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ گزشتہ نا اہل حکومت کی بد انتظامی کی وجہ سے پاکستان گندم در آمد کرنے والا ملک بن گیا،گزشتہ حکومت نے کسانوں کو کھاد کیلئے پورا پورا دن لمبی قطاروں میں کھڑا رکھا،صوبائی و وفاقی محکمے براہِ راست کسانوں سے گندم خریں، تاکہ کاشتکار کو بھرپور فائدہ پہنچے۔

وزیرِ اعظم نے کہاکہ تمام صوبائی اور وفاقی ادارے گندم خریداری کا اپنا ہدف بڑھائیں تاکہ پورا سال گندم کی بلاتعطل فراہمی ممکن ہو،ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنائی جائے،تمام افسران گندم کی بروقت خریداری یقینی بنائیں۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ گندم کی متعین کردہ مقدار کے حصول کے لیے درکار وسائل کو بینکوں کے ذریعے مہیا کیا جائے۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو رواں سال ملک بھر میں گندم کی گزشتہ دس سال کی نسبت 2 کروڑ 75 لاکھ میٹرک ٹن سے ذیادہ پیداوار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں گندم کے موجودہ ذخائر، کیری فارورڈ ذخائر، وفاقی و صوبائی محکموں کے خریداری کے اہداف اور پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیرِ اعظم نے وفاقی وزیرِ غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ اور متعلقہ حکام کو مبارکباد دی اور وزارت کے اقدامات کی پزیرائی کی۔ وزیرِ اعظم نے تمام اداروں کو اپنے اہداف میں اضافہ کرنے کی ہدایت دی۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی طارق بشیر چیمہ ،مشیر وزیراعظم احد خان چیمہ، معاون خصوصی طارق باجوہ، نگران صوبائی وزیر برائے انڈسٹریز پنجاب ایس ایم تنویر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔