اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک بھر میں جاری عوامی سہولت کے میگا پراجیکٹس پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔نوجوانوں کی ترقی اور خواتین کو خودمختار بنانے والے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے۔منگل کووزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت رواں مالی سال میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ آصف، احسن اقبال، مشیر وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، معاونینِ خصوصی ملک احمد خان، شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو مالی سال 2023-24 میں ترقیاتی کاموں اور ان پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو نوجوانوں و خواتین کی ترقی، زراعت، صنعت، انفراسٹرکچر و دیگر شعبوں کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایاگیاکہ پاکستان بھر بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں وزیرِ اعظم میرٹ اسکالرشپ کا آغاز کیا جارہا ہے۔پورے پاکستان میں وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے تحت باصلاحیت نوجوانوں کو لیپ ٹاپ کی فراہمی کا عمل جلد شروع کر دیا جائے گا۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نےکہاکہ ترقیاتی منصوبوں میں عوامی فلاح کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے۔
ملک بھر میں جاری عوامی سہولت کے میگا پراجیکٹس پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔رواں مالی سال پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کی ترقی اور خواتین کو خودمختار بنانے والے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ زراعت کے شعبے کی ترقی اور ٹیوب ویلز کی سولرآئیزیشن کے منصوبے پر بھی جلد کام شروع کیا جائے۔وزیرِ اعظم نے تمام منصوبوں میں معیار اور شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت دی۔وزیرِ اعظم نے تمام منصوبوں کی معینہ مدت اور لائحہ عمل پر بھی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔