واشنگٹن ۔26اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف )اور عالمی بینک کے بہار اجلاسوں کے موقع پر برطانیہ کی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی ترقی بیرونیس چیپ مین سے ملاقات کی ہے۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر وزیرِ خزانہ نے پاکستان کے ساتھ برطانیہ کی دیرینہ شراکت داری اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں مسلسل تعاون پر ان سے اظہار تشکر کیا۔انہوں نے پاکستان کے لیے عالمی بینک کے 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (CPF)سے آگاہ کیا، جس میں آبادی کے مسائل اور موسمیاتی مزاحمت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
وزیرِ خزانہ نے ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے ٹیکس دہندگان اور ٹیکس وصول کنندگان کے درمیان انسانی رابطے کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے گزشتہ دو سالوں کی ترقیاتی امداد کے مکمل جائزے اور مؤثر ابلاغی حکمت عملی کی تشکیل میں REMIT کے کردار کو بھی سراہا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588141