30.5 C
Islamabad
بدھ, مئی 21, 2025
ہومقومی خبریںوزیرِ صنعت و تجارت پنجاب سے سینٹ کے امیدوار حافظ عبد الکریم...

وزیرِ صنعت و تجارت پنجاب سے سینٹ کے امیدوار حافظ عبد الکریم کی ملاقات،ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ پرتبادلہ خیال کیا

- Advertisement -

لاہور۔20مئی (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری،پارلیمانی لیڈر وصوبائی وزیرِ صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے سینٹ کے امیدوار حافظ عبد الکریم نے ملاقات کی۔صوبائی وزیر کے آفس میں ہونے والی ملاقات میں سینٹ کے انتخابات،بھارتی جارحیت،ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی رانا محمد ارشد،اراکین پنجاب اسمبلی سردار احمد لغاری، خرم ورک اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت نےگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ سینٹ کے انتخابات میں حافظ عبد الکریم کی مکمل حمایت کرے گی۔حافظ عبد الکریم سینٹر منتخب ہو کر قانون سازی اور ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا موثر کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی بہادر افواج نے مکار دشمن بھارت کے غرور کو چند گھنٹوں میں خاک میں ملا دیا۔

- Advertisement -

مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا جو منہ توڑ جواب دیا اس کی گونج پوری دنیا میں سنائی دے رہی ہے۔سرحدوں کی محافظ بہادر افواج کی بدولت ہی ہم اپنے گھروں میں سکون کی نیند سوتے ہیں۔ مسلح افواج نے دشمن کو جارحیت پر جو سبق سکھایا ہے وہ اسے ہمیشہ یاد رہے گا۔پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ صوبائی وزیرنے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میں عوام کو ریلیف کے بڑے پروگرام کامیابی سے جاری ہیں۔پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول یقینی بنایا گیا ہے۔ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ محکمہ اوقاف کے امور میں شفافیت لانے کےلئے پورے نظام کو کمپیوٹرائزڈ کیا جارہا ہے۔محکمہ اوقاف کی اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کے لئے ایکشن پلان بنا لیا ہے۔قبضہ مافیا سے اوقاف کی زمینیں واگزار کراکے ان پر تعلیم اور صحت کے ادارے بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ اسلام امن اور سلامتی کا مذہب ہے جس میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔ہمیں مل کر اتحاد کی قوت سے وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنانا ہے۔ملک کی تعمیر وترقی میں معاشرے کے ہر فرد کو اپناحصہ ڈالنا ہے۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے سینٹر پروفیسر ساجد میر کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔مرحوم کے درجات کی بلندی اور مغفرت کےلئے دعا بھی کی۔حافظ عبد الکریم نے کہاکہ سینٹ کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ کی حمایت کی یقین دہانی پر مشکور ہوں۔پاکستان کی ترقی،خوشحالی اور سلامتی کےلئے مل کر آگے بڑھیں گے۔حافظ عبد الکریم نے پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی خیریت بھی دریافت کی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599272

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں