وزیرِ مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل سے پاکستان میں ڈنمارک کی سفیرکی ملاقات،مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

80
وزیرِ مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل سے پاکستان میں ڈنمارک کی سفیرکی ملاقات،مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا
وزیرِ مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل سے پاکستان میں ڈنمارک کی سفیرکی ملاقات،مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل سے پاکستان میں ڈنمارک کی سفیر لس روزن ہولم نے وزارتِ موسمیاتی تبدیلی میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وزیراعظم پاکستان کے وژن کے تحت ماحولیات، موسمیاتی تبد یلی، سولڈ ویسٹ مینجمنٹ ، ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ، گرین اکنامک ریکوری، رینیو ایبل انرجی، درختوں اور جنگلی حیات کے تحفظ و افزائش کے حوالے سے باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

ملاقات کے دوران گرین فارمیشن معاہدہ کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ ماحول کی بہتری اور گرین روزگار کے مواقع پیداکرنے کے حوالے سے ملکی منصوبوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کی پیشکش پر وزارتِ مملکت زرتاج گل نے ڈنمارک کی کاوشوں کو سراہا تاہم وزارت موسمیاتی تبدیلی اور حکومتِ ڈنمارک کے مختلف شعبوں جیسے کہ کول پاور پروجیکٹس کے بجائے ماحول دوست توانائی کے ذرائع اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینےکے سلسلے میں تبادلہ خیال ہوا۔

زرتاج گل وزیر نے پاکستان میں ڈنمارک کی سفیر لس روزن ہولم کو پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان کے کلین گرین ویژن کے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔ تاہم، گرین روزگار کے مواقع کے حوالے سے شروع کیے گئے منصوبوں گرین اِسٹیمیولس، پروٹیکٹڈ ایریازاِنیشی ایٹو اور کلین گرین پاکستان اِنیشی ایٹومتعلق معلومات شیئر کی گئیں۔

زرتاج گل نے ڈنمارک کی سفیر کو ملک میں ٹرانسپورٹ سسٹم کو جدید بنانے کے لیے نیشنل الیکٹرک وہیکل پالیسی، تحفظِ جنگلات اور جنگلی حیات کے حوالے سے ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام سے حاصل ہونے والے ماحولیاتی اور معاشی فوائد سے بھی آگاہ کیا۔علاوہ ازیں، اولیو ٹری سونامی اور بلین ٹری ہنی پر بھی گفتگو کی گئی۔

ڈنمارک کی سفیر نے وزیرِ مملکت زرتاج گل کو بتایا کہ حکومتِ ڈنمارک ، جو عالمی آب و ہوا اور ماحولیاتی استحکام کے اقدامات کے لئے پرعزم ہے، گرین پاکستان پروگرام اور مختلف سبز منصوبے مثلاً ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام ، پروٹیکٹیڈ ایریا اینیشی ایٹو، کلین گرین پاکستان، ماحولیاتی استحکام اورمو سمیاتی تبدیلی سے محفوظ پاکستان کے لئے وزیر اعظم عمران خان کے محرک نظریہ کی گہرائیوں سے تعریف کر تی ہے اور ان اقدامات سے متاثر ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈنمارک موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف جنگ میں ایک عالمی رہنما ہے اور ہمارا مقصد 2030 تک ملک کے کاربن کے اخراج کو 70فیصد تک کم کرنا ہے، جبکہ 2050 ءتک کاربن کے اخراج کا خاتمہ پہلا ہدف رکھا گیا ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے مختلف پہلوؤں جیسا کہ جنگلات اور جنگلی حیات کا تحفظ ، قابل تجدید توانائی ،عمودی باغبانی کے اقدامات اور پانی کے انتظام سے متعلق ایک دوسرے کے سبز اقدامات سے تجربہ حاصل کرنے کے لئے باہمی تعاون اور مشترکہ کام کے ذریعہ پاکستان اور ڈنمارک کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا عزم کیا اور مشترکہ طور پر وزیر اعظم کے عالمی شہرت یافتہ ویژن پر کام کرنے کیلئے صاف ، سبز اور مو سمیاتی تبدیلی سے محفوظ پاکستان کے اقدامات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

علاوہ ازیں، گرین منصوبے شروع کرنے پر پاکستان میں ڈنمارک ایمبیسیڈر نے وزیر اعظم عمران خان کی تعریف کی اور گرین فارمیشن معاہدہ کرنے کی خواہش کا اظہارکیا۔ملاقات میں وزیرِ اعظم عمران خان کے سر سبز پاکستان کے ویژن کو ہر سطح پر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ۔ تاہم پاکستان میںڈچ سفیر لس روزن ہولمز نے وزارت کی جانب سے ماحولیاتی تحفظ اور سر سبز منصوبے لانے پر وزیرِ مملکت زرتاج گل وزیر اور وزارت کی حوصلہ افزائی بھی کی۔