وزیرِاعظم عمران خان سے مصر کی ممتاز کاروباری شخصیات پر مشتمل وفد کی ملاقات

125

اسلام آباد ۔ 3 اکتوبر (اے پی پی) وزیرِاعظم عمران خان سے مصر کی ممتاز کاروباری شخصیات پر مشتمل وفد نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری، چئیرمین نیا پاکستان ہاو¿سنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر، چئیرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی اور پاکستان میں مصر کے سفیر احمد فضل یعقوب بھی موجود تھے۔ وفد نے وزیرِ اعظم عمران خان کے وژن اور حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مصر کی کمپنیاں پاکستان میں گھروں کی تعمیر، توانائی، صحت و دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ وفد نے کہا کہ مصر کے عوام اور کاروباری طبقہ وزیرِ اعظم عمران خان کے وژن اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں کے معترف ہیں اور وہ نیا پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتے ہیں۔