وطن عزیزکا76 واں یوم آزادی 14 اگست کوملی جوش و خروش سے منانے کے لئے تیاریاں عروج پر

303

اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):وطن عزیز کے76 واں یوم آزادی ا14 اگست کوملی جوش و خروش سے منانے کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں اور ملک بھر کے چھوٹے برے شہروں قصبوں اور دیہات میں ہر سو قومی پرچموں کی بہار ہے اوراہم سرکاری اور نجی عمارتوںپر سبز ہلالی پرچم کے رنگوں والی روشنیوں سے چراغاں کرنے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں جبکہ ہر سو ملی نغموں کی دھنیں دلوں کو گرما رہی ہیں، تجارتی مرکز اور چوک چوراہوں اور شاہراہوں پر لب سڑک قومی پرچموں، بیجز، ٹوپیوں اور دیگر اشیاء و ملبوسات کے سٹال سجے ہیں ہاں بڑی تعداد میں شہری اپنی ضرورت کی اشیا خریدتے دکھائی دے رہے ہیں ۔

جشن آزادی کی مناسبت سے تیاریوں کا آغاز ماہ اگست کے ساتھ ہی ہو جاتا ہے اور ہر سو سبز ہلالی پرچموں کی بہار دکھائی دیتی ہے۔ گاڑیوں اور موٹر سائیکلز پر قومی پرچم لہرائے جاتے ہیں، بچے، بڑے مرد و خواتین سینوں پر قومی پرچم والے بیجز سجا کر اور قومی پرچم سے مزین ملبوسات پہن کر وطن سے محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی جشن آزادی کے سٹالز جن میں قومی پرچم، پینٹگز، پن بیجز، سبز اور سفید لباس، کھلونے اور دیگر اشیاشہروں کی اہم شاہراہوں، بازاروں اور سڑکوں پر سجائے بیٹھے ہیں۔

قومی پرچم فروخت کرنے والے ایک تاجر نے اے پی پی سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں میں بہت زیادہ جوش و خروش پایا جاتا ہے، عوام پرجوش ہے اور قومی پرچم کے رنگ والے ملبوسات اور لوازمات خرید رہے ہیں۔ وی آئی پی فلیگز کے مالک نے دعوی کیا کہ ہماری فروخت میں پہلے ہی 100 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے ۔ ایک شہری نے بتایا کہ بازاروں، عمارتوں اور گھروں کو بھی قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے جب کہ رنگ برنگی جھنڈیوں، قومی پرچموں کے جھنڈوں اور قائداعظم اور تحریک آزادی کے دیگر قومی ہیروز کے پورٹریٹ کے اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں ۔

بیجز، ٹوپیاں، غبارے اور ” جشن آزادی مبارک” لکھے لباس ہر بازار میں بڑی تعداد میں فروخت ہو رہے ہیں۔ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ خاص طور پر نوجوان اپنے گھروں اور گاڑیوں کو قومی پرچموں سے سجانے میں مصروف ہیں ۔ آزادی کے مختلف لوازمات کے سٹال نوجوانوں سے بھرے ہوئے ہیں ، لب سڑک لگے اسٹالز نوجوانوں کی توجہ کا مرکز ہے۔ شہری اپنے گھروں پر قومی پرچم لہرا رہے ہیں ۔