وفاق، صوبے اور وزارتِ صحت کے تمام متعلقہ ادارے ہنگامی بنیادوں پر ضروری اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی اجلاس میں گفتگو

66

اسلام آباد ۔ 16 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ قومی چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے مکمل تیار ہیں، 14لیبارٹریوں میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی سہولیات فراہم کی گئی ہے، وفاق، صوبے اور وزارتِ صحت کے تمام متعلقہ ادارے ہنگامی بنیادوں پر ضروری اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں، عوام کے تحفظ کے لئے پورے ملک میں وزارت کا عملہ 24 گھنٹے کام کر رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اپنی زیر صدارت ایمر جنسی کور گروپ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں این آئی ایچ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل عامر اکرام اور پاک فوج کے نمائندے شریک تھے۔ اجلاس میں بدلتی ہوئی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہا کہ کورونا وائرس کے قومی چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے مکمل تیار ہیں۔ 14لیبارٹریز میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی سہولیات فراہم کی جار ہی ہیں، حکومت اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے نبھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق، صوبے اور وزارتِ صحت کے تمام متعلقہ ادارے ہنگامی بنیادوں پر ضروری اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔ عوام کے تحفظ کے لئے پورے ملک میں وزارت صحت کا عملہ 24 گھنٹے کام کر رہا ہے۔ قومی یک جہتی کے ساتھ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کو لاہور اسلام آباد اور کراچی تک محدود کیا گیا ہے۔ لاہور، اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹ پورٹس پر سکریننگ کے نظام کو مزید مؤثر اور مضبوط بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان اور عالمی ادارہ صحت کی جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، حالیہ دنوں میں اگر کسی نے بیرون ملک کا سفر کیا ہے، کھانسی بخار سانس کی تکلیف کی صورت میں گھر میں رہتے ہوئے ڈاکٹر یا وزارتِ صحت کی ہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئیے ہم سب مل کر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کوروکنے کا عہد کریں اور یقیناً اس پر قابو پا لیں گے۔ وزارت صحت، صوبائی حکومتیں اور متعلہ ادارے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے ہائی الرٹ پر ہیں اور صحت مند پاکستان کے لئے کرونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے۔