وفاقی تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام نعت خوانی کا مقابلہ ، فیڈرل بورڈ سے الحاق شدہ تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت

79

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):وفاقی تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام ہفتہ وار ہم نصابی سرگرمیوں کے دوسرے روز نعت خوانی کا مقابلہ ہوا جس میں فیڈرل بورڈ سے الحاق شدہ تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس روح پرور تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا ۔اس موقع ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ اکیڈمکس فیڈرل بورڈ مرزا علی نے طلبہ و طالبات کو خوش آمدید کہا اوران کے لیے حوصلہ افزاء کلمات ادا کیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیڈرل بورڈ کی روایت رہی ہے کہ بچوں کی شخصیت کے ہمہ جہت پہلوئوں کو نکھارنے اور ان میں خوداعتمادی پیدا کرنے کے لیے ایسے مقابلہ جات منعقد کروائے جاتے ہیں۔

ایسے مقابلوں سے بچوں کی قائدانہ صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جو بچے بھی مقابلے میں شرکت کے لیے آئے ہیں وہ مقابلہ شروع ہونے سے پہلے ہی مبارکباد کے مستحق ہیں کیونکہ ہار جیت کوئی معنی نہیں رکھتی، ہمارا اصل مقصد بچوں میں خود اعتمادی کو فروغ دینا ہے۔چنانچہ آپ سب بچے جو اس مقابلہ میں حصہ لے رہے ہیں، آپ سب بہترین اور قابل بچے ہیں۔میٹرک لیول کے مقابلہ جات میں سیدہ میمونہ زاہد ایف جی پبلک سکول راولپنڈی نے پہلی،سید حماد رضا گیلانی او پی ایف بوائز کالج ایچ ایٹ فور اسلام آباد نے دوسری اور محمد ضامن فضائیہ انٹر کالج راولپنڈی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اسی طرح انٹرمیڈیٹ لیول کے مقابلہ جات میں ذیشان آئی ایم سی بی ایچ نائن اسلام آبادنے پہلی، اقراء شہباز پی اے ای سی ماڈل کالج چشمہ میانوالی نے دوسری اور عبد الوہاب فضائیہ انٹر کالج نور خان راولپنڈی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع مہمان خصوصی ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ اکیڈمکس فیڈرل بورڈ مرزا علی نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں اسناد اور نقد انعام تقسیم کیے۔