وفاقی حکومت اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومت نے ذمہ دارانہ سیاحت کے فروغ کیلئے مختلف اقدامات کئے ہیں، شرکاء کا الپائن کلب کی کانفرنس سے خطاب

203

اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل(ٹیک ) محمد شاہد نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومت نے ذمہ دارانہ سیاحت کے فروغ کے لئے مختلف اقدامات کئے ہیں اور اس میں مزید اضافہ کریں گے، سرمائی کھیلوں کی سیاحت کے ساتھ ساتھ موسم گرما کی سیاحت کی پائیداری کے لئے ہم آہنگی پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ حکومت کے مختلف شعبوں اور سٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الپائن کلب آف پاکستان کے زیراہتمام پیر کو باغ میں منعقدہ کانفرنس کے دوران تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس میں کھیلوں کی سیاحت کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے مقررین نے سرمائی کھیلوں کی سیاحت کے فروغ اور پائیدار بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کانفرنس کے انعقاد کا مقصد عوام میں سرمائی کھیلوں کی سیاحت کی پائیداری کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور آگے بڑھنے کے طریقوں پر غوروخوض کرنا ہے، موسم سرما کے کھیلوں کی سرگرمیاں اور تہوار حال ہی میں ملک کے مختلف پہاڑی علاقوں میں منعقد کئے گئے ہیں۔ یہ سرگرمیاں وقتاً فوقتاً مختصر مدت کے لئے منعقد ہوتی ہیں لیکن کسی نے اس کے تسلسل اور پائیداری پر توجہ نہیں کی۔

کانفرنس کے تین سیشن منعقد ہوئے۔ پہلے اجلاس میں میڈیا کے نمائندوں کو کانفرنس اور اس کے مقاصد کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر مین سٹریم میڈیا اور باغ ڈیجیٹل میڈیا کلب کے نمائندے موجود تھے۔ شرکاء نے گفتگو میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور میڈیا کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے یقین دلایا کہ موسم سرما میں کھیلوں کی سیاحت کی سرگرمیاں زیادہ سے زیادہ شرکا کو راغب کرنے کا منصوبہ ہوں گی۔ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ دوسرا اجلاس ہوا۔ سپانسر کرنے والے ادارے (ایم ٹی بی سی) سے جنرل منیجر علی شوکت نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور سماجی کارپوریٹ ذمہ داری کے تحت مقامی کمیونٹی کے لئے ان کی حمایت و تعاون اور سرمائی کھیلوں کی سیاحت کے فروغ کے لئے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاحوں کو مزید منزل کی طرف سہولت فراہم کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے وہ متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ صدر الپائن کلب آف پاکستان ابو ظفرصادق نے پائیدار کھیلوں کی سیاحت کا خاکہ پیش کیا اور سٹیک ہولڈرز میں مفاہمت اور ہم آہنگی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ویمن یونیورسٹی باغ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر مبشر نے بھی اس حوالے سے مثبت تجاویز دیں۔

سول سوسائٹی کی تنظیموں، کمیونٹی، ٹورازم اور سپورٹس انڈسٹری کے نمائندوں جن میں سیّد زبیر حسن زبیری، کامران نسیم، اکرم اعوان، علی سید، نثار شائق، طارق بشیر، رئیس انقلابی، سہیل حسن، عبداللہ سرفراز، کامران نسیم نے پہلے سیشن میں شرکت کی اور تبادلہ خیال کے دوران مختلف پالیسیوں کے نفاذ کو موثر بنانیکی ضرورت پر زور دیا جو موسم سرما میں کھیلوں کی سیاحت کی پائیداری کے لئے ناگزیر ہیں۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر کے نمائندے عبدالستار اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شاہد اسلام آباد نے مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومت نے ذمہ دارانہ سیاحت کو فروغ دینے کے لیے پہلے ہی مختلف اقدامات کئے ہیں اور اس میں مزید اضافہ کریں گے۔ نہ صرف سرمائی کھیلوں کی سیاحت بلکہ موسم گرما کی سیاحت کی پائیداری کے لئے ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے حکومت کے مختلف شعبوں اور سٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

باغ الپائن کلب کے سیکرٹری امان اﷲ مانی نے شرکاء کا ان کی فعال شرکت پر شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ کانفرنس کے نتائج کو متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شیئر کیا جائے گا اور اس کی پیروی کی جائے گی۔ کانفرنس کا اہتمام الپائن کلب آف پاکستان اور باغ الپائن کلب نے ایم ٹی بی سی کے تعاون سے کیا۔