وفاقی حکومت سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اوربحالی کے کاموں میں سندھ حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے گفتگو

133

اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہاہے کہ وفاقی حکومت سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اوربحالی کے کاموں میں سندھ حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے یہ بات جمعہ کویہاں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات میں کہی۔ اجلاس میں وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن، چیئرمین ایف بی آر، سیکریٹری خزانہ اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبہ سندھ میں سیلاب کی صورتحال اور بحالی کے کاموں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر خزانہ کو غیر معمولی سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی اور بحالی کے کاموں سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے پیدا ہونے والی اس مشکل گھڑی میں وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی ریلیف اور بحالی اور صوبے کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔