وفاقی حکومت ملک کو درپیش مشکلات سے نکالنے کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے،وقت کا تقاضا ہے کہ سیاست کو چھوڑ کر ریاست کی بات کی جائے، وزیر مملکت تسنیم احمد قریشی

102

لاہور۔26جنوری (اے پی پی):وزیر مملکت برائے صنعت و پیداوار تسنیم احمد قریشی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ملک کو درپیش مشکلات سے نکالنے کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے،وقت کا تقاضا ہے کہ سیاست کو چھوڑ کر ریاست کی بات کی جائے،قائد اعظم محمد علی جنا ح کے بعد شہید ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے مقبول ترین لیڈر تھے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو لیبر ہال میں سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے یوم پیدائش کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب شعبہ خواتین کی صدر ثمینہ خالد گھرکی ،پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما امتیاز صفدر وڑائچ،فائزہ ملک ،نرگس خان اور خورشید بختیار سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیا لے اپنی قیادت سے والہانہ محبت کرتے ہیں کیونکہ پیپلز پارٹی ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے آج یہاں اکٹھے ہونے کا مقصد پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے اور ہمیں انکے وژن کو آگے لیکر چلنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے وفاقی حکومت بخوبی آگاہ ہے اور حالات پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے واضح کردیا ہے کہ ہمیں سیاست کی بجائے ریاست کی بہتری کیلئے یکجا ہونا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی ملک مشکلات کا شکار ہوا ہے اس کو نکالنے میں پیپلز پارٹی نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جیا لوں کو اپنی قیادت پر مکمل بھروسہ ہے اور ہم مستقبل میں بلاول بھٹو کو ملک کا وزیر اعظم دیکھنا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ثمینہ خالد گھرکی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عام آدمی کو ووٹ کا اختیار دیکر اپنی مرضی کا لیڈر منتخب کرنے کا حق دیا اور پاکستان کو ایٹمی قوت بنانا ان کا سب سے بڑا خواب تھا جو آنے والے وقت میں پورا ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ امت مسلمہ کے بڑے لیڈر تھے اور انہوں نے مسلم امہ کو یکجا کرنے کیلئے اسلامی سربراہی کانفرنس کا انعقاد کیا،ہمیں ان کے وژن کو آگے لیکر چلنا ہے ۔

اس موقع پر امتیاز صفدر وڑائچ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کے حقوق کی خاطر اپنی جان کا نظرانہ پیش کیا کیونکہ وہ عوام کو با اختیار دیکھنا چاہتے تھے،انکی شہادت کے بعد محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے والد کے مشن کو بھرپور انداز سے آگے بڑھایا ۔انہوں نے کہا کہ ہم بلاول بھٹو زرداری سے بھی پرامید ہیں کہ وہ اپنے نانا اور والدہ کے مشن کو آگے لیکر جائیں گے۔تقریب سے دیگر مقرر ین نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کے یوم پیدائش کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔