اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے، انہیں اپنی زندگیوں کو تبدیل کرنے اور قوم کے مستقبل کو سنوارنے کے قابل بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) میں منعقدہ ’’کنیکٹڈ پاکستان 30 انڈر 30: سیلیبریٹنگ پاکستانز برائٹسٹ ینگ چینج میکرز‘‘ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رانا مشہود نے اس بات پر زور دیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی وژنری قیادت میں وفاقی حکومت پی ایم یوتھ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو تعلیم، تفریح، روزگار، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انٹرپرینیورشپ اور کھیل جیسے شعبوں میں معاونت فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ مستقبل ان لوگوں کا ہے جو اسے تخلیق کرنے کی ہمت رکھتے ہیں۔ ہمارے نوجوان دلیری سے پہل کر رہے ہیں اور انتھک جدت طرازی کر رہے ہیں، پاکستان کی ترقی کے راستے کو نئے سرے سے متعین کر رہے ہیں۔آئی سی سی آئی کی قیادت کو سراہتے ہوئے رانا مشہود نے قومی خوشحالی میں ان کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے سٹارٹ اپس اور انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے میں چیمبر کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی۔قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ناصر منصور قریشی نے 30 انڈر 30 ایوارڈیز کو اپنے اپنے شعبوں میں رکاوٹوں کو توڑنے اور نئے معیارات قائم کرنے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کے نوجوان معاشی انقلاب برپا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، صحیح رہنمائی اور تعاون سے وہ ہمارے ملک کا مستقبل بدل سکتے ہیں۔انہوں نے نوجوان کاروباریوں کی مدد کے لیے آئی سی سی آئی کے عزم کا اعادہ کیا اور یقین دلایا کہ چیمبر کا پلیٹ فارم ان کے سفر میں رہنمائی اور سہولت فراہم کرنے کے لیے ہمیشہ دستیاب رہے گا۔اس تقریب میں یونیورسٹی اور کالج کے طلباء کے ساتھ ساتھ نوجوان کاروباری افراد اور ٹیک انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں کی پرجوش شرکت دیکھنے میں آئی۔
نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے نوجوانوں کو رانا مشہود احمد خان، آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی اور معروف آئی ٹی فرموں کے سی ای اوز نے شیلڈز اور اسناد سے نوازا۔نمایاں شرکاء میں فوکل پرسن پرائم منسٹر یوتھ پروگرام ملک رؤف اعوان، ایمپلائمنٹ پروموشن ایکسپرٹ وزیر اعظم یوتھ پروگرام عینی کاشف، آئی سی سی آئی کے نائب صدر ناصر محمود چوہدری، سی ای او زیون سلوشنز عرفان ملک، سی ای او کنیکٹڈ پاکستان سید ارسلان شاہ، کنوینر آئی سی سی آئی آئی ٹی کمیٹی ڈاکٹر محمد عثمان، آئی سی سی ممبر اعزاز محمد اور دیگر شامل تھے ۔